کراچی: شہرقائد میں واٹر مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا، لیاری ایکسپریس کے اطراف چوری کی لائنوں پر کارروائی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی خصوصی احکامات پر آپریشن کیا جارہا ہے، مافیا عوام کا لاکھوں گیلن پانی چوری کرکے صنعتوں کو بیچتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لیاری کے عوام کو فراہم کیا جانے والا پانی بھی مافیا بیچ رہی تھی۔
وزیر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے مقام پر پولیس، ایس ایس یو اور رینجرز کی بھاری نفری موجود ہے، آپریشن کا مقصد عوام کے حق کا پانی عوام تک پہنچانا ہے، ریکسر کے علاقے میں غیر قانونی واٹر کنکشن کاٹ دیے گئے۔
کراچی، پانی چوری میں ملوث ایک اور نیٹ ورک بے نقاب
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ عوام کو ان کے حق کا پانی جلد پورا کرکے دیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں پانی چوری کے باعث شہریوں تک پانی کی رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔