لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی مقامات تک رسائی دے رہے ہیں، کرتارپور راہداری کھولنا وزیراعظم عمران خان کا مثالی فیصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شرومنی اکالی دل دہلی کے زیر اہتمام نگرکیرتن(سکھوں کا جلوس) پاکستان آرہا ہے، نگر کیرتن واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے گا۔
نگرکیرتن میں سکھ سنگت کی طرف سے سونے کی پالکی لائی جارہی ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور واہگہ بارڈر پر استقبال کریں گے۔
گورنرپنجاب کا کہنا ہے کہ کرتارپور کھولنا وزیراعظم عمران خان کا مثالی فیصلہ ہے، بابا گرونانک جی کا 550واں جنم دن بھر پور منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی مقامات تک رسائی دے رہے ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی عبادت گاہوں تک رسائی ہے۔
خیال رہے کہ نگر کیرتن کے جلوس کو سکھ مذہب میں خاص اہمیت حاصل ہے، یہ ایک عبادت ہے جس میں جلوس کی صورت میں مذہبی گیت گائے جاتے ہیں تاکہ پوری بستی تک پیغام پہنچے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، باباگرونانک یونیورسٹی دیگر شعبہ جات میں مذہبی رواداری کا بھی گہوارہ بنے گی۔
باباگرونانک دیگر یونیورسٹیوں سے مختلف ہوگی: وزیرداخلہ
سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ باباگرونانک کی 550ویں سالگرہ پر اس یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی، باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر کے سکھ برادری کے لوگ پڑھ سکیں گے، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ باباگرونانک یونیورسٹی کی تعمیر میں 6ارب روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی۔