اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چین میں کروناوائرس کا شکار چار پاکستانی طالب علم صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معاون خصوصی نے ٹوئٹ کیا کہ چین میں پاکستانی طلبہ کی صحت یابی کے بعد چاروں کو آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کروناوائرس کے 98فیصد مریض پوری طرح ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ 10 فروری کو معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی پاکستان میں چین کے سفیر سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی جس میں ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، موجود صورتحال پر گہری نظر ہے۔ وہ ہمارے بچے ہیں ہم ہر طرح سے ان کا خیال رکھیں گے۔
انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان میں اس وقت تک کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔