لاہور: کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آئندہ سال دورہ پاکستان کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے عالمی دروازے آہستہ آہستہ پاکستان کے لیے کھلنے لگے ہیں، سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد اب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں، پاکستان نے دنیا کے سامنے پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 کھیلنے 2020 میں پاکستان آئے گی، ہم چاہتے ہیں آسٹریلیا 3 ٹیسٹ میچ کھیلے، نیوساؤتھ ویلز سے اسکالرشپ پروگرام پر بات ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں خواتین سمیت کھلاڑی بھی وہاں تربیت حاصل کریں۔
کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم میں ہوئے، ہمارے ٹیم نے لائیو میچوں کو یقینی بنایا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کے اخراجات برداشت کرے گا۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مارچ کے تیسرے ہفتے میں دورہ بھارت کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز کی دعوت دی تھی، آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
علاوہ ازیں ایم سی سی کرکٹ ٹیم(میریلیبون کرکٹ کلب) فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ اجمل شہزاد ہیڈ کوچ اور لاوینڈر ٹیم منیجر ہوں گے، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی، ٹیم پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ایم سی سی کرکٹ ٹیم 46 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی ہے، ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف پیش کیا تھا، امید ہے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورے کا بھرپور لطف اٹھائے گا۔
جبکہ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوشی ہے، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مداح مسرور ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد عالمی کرکٹ بحال ہوچکی ہے، سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر ہے، جبکہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔