یونان میں لگنے والی آگ ‘یورپی یونین میں اب تک کی سب سے بڑی جنگل کی آگ’ قرار دی جارہی ہے۔
یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنگل میں لگنے والی آگ "یورپی یونین میں اب تک ریکارڈ کی گئی سب سے بڑی جنگل کی آگ ہے” اور بلاک اس سے نمٹنے کے لیے تقریباً نصف فائر فائٹنگ ایئر ونگ کو متحرک کر رہا ہے۔
یورپی یونین کے بحری بیڑے سے گیارہ ہوائی جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر کو 407 فائر فائٹرز کے ساتھ الیگزینڈروپولی شہر کے شمال میں آگ بجھانے میں مدد کے لیے بھیجا گیا ہے۔
سول پروٹیکشن سروس کا کہنا ہے کہ آگ نے 810 مربع کلومیٹر (310 مربع میل) سے زیادہ اراضی کو جلا دیا ہے جو کہ نیو یارک سٹی سے بڑا علاقہ ہے۔
سروس نے کہا یہ جنگل کی آگ 2000 کے بعد سے یورپی یونین میں سب سے بڑی ہے۔ یونان کی فائر سروس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ شمال مشرقی علاقے کے دادیا نیشنل پارک میں آگ "ابھی تک قابو سے باہر” ہے جو شکاری پرندوں کی بڑی پناہ گاہ ہے۔
19 اگست کو شروع ہونے کے بعد سے، آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے کم از کم 18 تارکین وطن اور پناہ گزین ہیں جن کی لاشیں ایک ایسے علاقے سے ملی ہیں جو اکثر پڑوسی ملک ترکی سے داخلے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔