اسلام آباد: یونان کے پانیوں میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے افسوس ناک واقعے پر آج ملک بھر میں یوم سوگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا، دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گندے دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انھیں نشان عبرت بنانے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ کیا کہ قوم سے وعدہ ہے اپنی ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کا احتساب کریں گے، تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، جو ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔
یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے
وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے اینٹی ٹریفکنگ سرکل نے لاہور سے مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنٹ طلحہ شاہزیب نے نوجوان کو یورپ بھیجنے کا جھانسہ دے کر 35 لاکھ روپے بٹورے تھے، متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔