ایتھنز: یونان کی پولیس نے بین الاقوامی وارنٹ پر ایک مفرور اسرائیلی کو گرفتار کیا ہے، جو اسرائیل کو بم حملے کی تفتیش اور ڈکیتی میں مطلوب ہے۔
روئٹرز کے مطابق 36 سالہ مفرور اسرائیلی جعلی پاسپورٹ پر یونان میں داخل ہوا تھا، اور اسرائیل میں ایک شخص کو بم حملے کے ذریعے قتل کی کوشش میں ملوث ہونے پر زیر تفتیش تھا، جب کہ ڈکیتی کے الزام میں 25 ماہ قید کی سزا بھگتنے کے لیے بھی اسرائیل کو مطلوب ہے۔
یونان پولیس کی رپورٹ کے مطابق انھیں 5 اگست کو انٹرپول کی طرف سے الرٹ کیا گیا تھا، اور اسرائیل کی جانب سے ریڈ وارنٹ کا بتایا گیا تھا، یونان پولیس نے بتایا کہ اسرائیلی ملزم 20 جولائی کو جعلی سفری دستاویز کے ذریعے یونان میں داخل ہوا تھا۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ مفرور ملزم کو 6 اگست کو وسطی ایتھنز میں یہودی عبادت گاہ کے قریب ایک ریستوران کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ مفرور اسرائیلی کو یونان کے تفتیشی اداروں کے سامنے پیش کیا گیا ہے جہاں سے اسے حراست میں لینے کا حکم جاری کیا گیا۔