کراچی : گرین لائن بس منصوبے میں تیسری بار توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت گذرگاہ میں 6 کلو میٹر اضافہ کیا جائے گا جس سے منصوبے کی لاگت 16 ارب سے بڑھ کر 26 ارب تک پہنچ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پلاننگ کمیشن کی مشاورت پر گرین لائن بس منصوبے میں تیسری بار توسیع کی جارہی ہے جس کے تحت گرین لائن منصوبے کا روٹ ٹاور سے ڈاکیارڈ تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے پلاننگ کمیشن نے فیز تھری منصوبے کے لیے متعلقہ اداروں سے تجاویز طلب کرلیں۔
اس توسیع کے بعد گرین لائن منصوبے میں 6 کلو میٹر تک اضافہ ہو جائے گا جس کے بعد منصوبے کی لاگت 16 ارب سے 26 ارب تک پہنچ جائےگا جب کہ اس توسیع کے تحت ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن بس کے لیے انڈر پاس اور ایلی ویٹیٹڈ اسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پہلی توسیع میں 10 کلومیٹر روٹ بڑھایا گیا تھا جب کہ دوسری توسیع میں رُوٹ کا رخ تبدیل کردیاگیا تھا اور تیسری مجوزہ توسیع سےگرین لائن بس کاروٹ 6 کلومیٹرتک بڑھایا جائےگا جس کے بعد گذر گاہ 35 کلومیٹر تک ہوجائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبے میں توسیع کے بعد فی کلومیٹرلاگت کااوسط تخمینہ 64 کروڑ تک ہوجائے گا جس کے بارے میں اب تک طے نہیں ہوسکا ہے کہ لاگت میں اضافے کی ادائیگی کہاں سے کی جائے گی۔