تازہ ترین

سبز رنگ کے کتے کی پیدائش

ورجینیا: امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں ہرے رنگ کے کتے کی پیدائش ہوئی جسے لوگوں نے ’دی ہلک‘ قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے جنوبی مشرقی علاقے میں واقع نارتھ کیرولینا کے گھر میں پلنے والے سفید کتے نے بچہ دیا جس کا رنگ بالکل ہرا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کتے کے مالک کا نام شانا اسٹیمی ہے جو کیرولینا کے علاقے ہے ووڈ کاؤنٹی کے رہائشی ہے، انہوں نے یہ جرمن شیفرڈ کتا کئی سال پہلے خریدا تھا۔

مالک کے مطابق جمعے کی صبح اُن کا کتا درد سے کراہا رہا تھا، جب انہوں نے آکر دیکھا تو وہ بچے دینے کا مرحلہ تھا، اسی دوران 6 بچوں کے بعد سبز رنگ کے بچے کی پیدائش بھی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق شانا اسٹیمی کے کتے نے چار سیاہ، دو بھورے اور ایک ہرے رنگ کا بچہ دیا۔

شانا کے مطابق وہ کئی برس سے کتے پال رہے ہیں مگر اُن کے لیے یہ پہلا موقع تھا جب اُن کے سامنے ہرے رنگ کا کتا موجود تھا۔مالک کے مطابق تمام بچے نہ صرف صحت مند ہیں بلکہ وہ اب ماں کا دودھ بھی پی رہے ہیں۔

ویٹنری ڈاکٹرز کے مطابق کتے کے بچے کا سبز رنگ کسی خطرے یا تابکاری شعاعوں کا نتیجہ نہیں بلکہ دوران حمل کتے کے پیٹ میں موجود سبز رنگ کا مائع مادہ زیادہ مقدار میں خارج ہوا جس کی وجہ سے بچے کا رنگ تبدیل ہوگیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ بچے کا ہرا رنگ سفید میں تبدیل ہوجائے گا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بچے کی پیدائش پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اُسے ہالی ووڈ فلم ’دی ہلک‘ سے تشبیہ دے دی۔ متعدد صارفین نے مالک کو مشورہ دیا کہ وہ اس کا نام دی ہلک ہی رکھیں۔

Comments

- Advertisement -