دبئی: نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے بلامقابلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے ٹوینگوا موکوہلانی کے دستبردار ہونے کے بعد گریگ بارکلے بلامقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے، ان کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔
گریگ بارکلے کی یہ دوسری مدت ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ گریگ بارکلے 2020 میں پہلی مرتبہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ارباب نیاز اسٹیڈیم کی قسمت چمک اٹھی
آئی سی سی کے مطابق گریگ بارکلے بطور چیئرمین مزید دو سال بورڈ کے مکمل تعاون کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔
چیئرمین کے امیدوار کی حیثیت سے دستبردار ہونے والے ٹوینگوا موکوہلانی کا کہنا تھا کہ گریگ بارکلے کا تسلسل کھیل کے بہترین مفاد میں ہے۔
دوسری بار چیئرمین منتخب ہونے پر گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے جڑے رہنے کے لیے یہ ایک پرجوش لمحہ ہے ہم کرکٹ کو مزید وسعت دینے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔