ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

فرنٹیئر کالونی میں پکوان سینٹر پر دستی بم حملہ، 2022 میں بھتے کی پرچی بھیجنے والے کو پکڑوایا تھا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں پکوان سینٹر پر دستی بم حملہ ہوا ہے، دکان کے مالک نے 2022 میں بھتے کی پرچی بھیجنے والے کو پکڑوایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود میں فرنٹیئر کالونی میں ایک پکوان سینٹر پر نامعلوم ملزمان نے دستی بم حملہ کیا ہے، تاہم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا دستی بم خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پکوان سینٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، جاتے جاتے دستی بم پھینکا لیکن وہ پھٹ نہیں سکا۔

- Advertisement -

پکوان سینٹر کے مالک نے پولیس کو بتایا ’’ہم گھر میں سو رہے تھے اچانک فائرنگ ہوئی، فائرنگ کی آواز پر باہر آ کر دیکھا تو دکان پر دستی بم پڑا تھا۔‘‘

دکان مالک کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں انھیں بھتے کی پرچی ملی تھی، اس واقعے کا مقدمہ پیرآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ پکوان سینٹر کے مالک کے مطابق بھتہ مانگنے والا ملزم ان کا پڑوسی تھا۔

ایس ایچ او مومن آباد شہباز انجم نے بتایا کہ صبح سویرے سوا چار بجے کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر 4 لڑکے آئے، جن میں سے دو نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور دو نے چہرے رومالوں سے ڈھانپ رکھے تھے، انھوں نے بند دکان پر تین فائر کیے اور گرنیڈ پھینکا۔ ایس ایچ او کے مطابق پکوان سینٹر کے مالک کو کوئی دھمکی نہیں ملی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں