دنیا تیزی سے ڈیجیٹل ہو رہی اور چیزوں کی شناخت ان کا کیو آر کوڈ بنتی جا رہی ہے مگر ایک نوجوان کو اس کے دوستوں نے ڈیجیٹل دولہا بنا دیا۔
تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی دنیا نے زندگی میں کئی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔ اب کسی بھی چیز کی خریداری کے لیے نقد رقم کی ضرورت نہیں رہی فون سے اسکین کیجیے اور ادائیگی کر دیجیے لیکن یہ سب ضروریات زندگی کی چیزوں تک ہی محدود تھا۔ یہاں ایک دولہا چلتا پھرتا ڈیجیٹل انسان بن گیا۔
یہ انوکھا دولہا بھارت میں سامنے آیا ہے جہاں ایک شادی کی تقریب میں اسٹیج پر دولہا اپنے گلے میں اسکینر لٹکائے نظر آتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ دولہا اپنی دلہن کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھا کہ اسی دوران دولہا کے چند دوست اسٹیج پر آئے اور مذاق میں دولہاکے گلے میں یو پی آئی اسکینر ڈال کر چلتے بنے۔
اس کے بعد باری باری ایک دوست اسٹیج پر آتا اور جیب سے فون نکال کر ایک روپیہ بطور مذاق تحفہ دیتا اور یہ ادائیگی اسکرین پر بھی سب کو دکھاتا۔
دولہا کے دوستوں کی اس مزاحیہ حرکت سے تمام شرکا بہت محظوظ ہوئے اور قہقہے لگاتے رہے۔