جمعہ, نومبر 22, 2024
اشتہار

دلہنیں کہاں گئیں؟ 3 دُلہے انوکھی واردات کا شکار ہوگئے

اشتہار

حیرت انگیز

پنجاب کے شہر خان پور کے نواحی علاقہ بستی ڈاہراں میں بارات لے جانے والے تین دُلہے انوکھی واردات کا شکار ہوگئے۔

صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقہ صالح پٹ سے تین دُلہے بارات لے کر بستی ڈاہراں پہنچے جہاں انہیں دلہنوں کے گھر پر لگا تالا دیکھ کر جھٹکا لگا کیونکہ تینوں لڑکیاں وہاں سے غائب تھیں۔

مایوس متاثرہ دُلہوں نے کہا کہ شادی کی تمام رسومات ادا کرنے کے بعد بارات لے کر یہاں آئے ہیں لیکن دلہنوں کا گھر بند پڑا ہے،  اسلم نامی شخص نے رشتہ کروانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے بٹورئے۔

- Advertisement -

دُلہے نے کہا کہ اسلم نے گینگ بنا رکھا ہے شادی کا جھانسہ دے کر پیسے بٹور لیے، دلہنوں کے بغیر گھر واپس کیسے جائیں کیونکہ جگ ہنسائی ہوگی؟

انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک ہمیں اپنی دلہنیں نہیں ملتی واپس نہیں جائیں گے۔ دوسری جانب صدر پولیس نے فراڈیے گروہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔

گزشتہ سال رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں نئی نویلی دلہن شادی کے دو دن بعد دُلہا کو لوٹ کر فرار ہوگئی تھی۔

متاثرہ دُلہے خادم حسین نے تھانہ سٹی میں سمیرا نامی لڑکی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دیتے ہوئے پولیس کو بتایا تھا کہ میری دو روز قبل سمیرا سے شادی ہوئی تھی۔

خادم حسین نے بتایا تھا کہ لڑکی والوں کی طرف سے نکاح جعلی ڈالا گیا، سمیرا گھر سے نقدی اور سونا اٹھا کر غائب ہوگئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں