حیدر آباد: وزیر اعظم عمران خان حیدر آباد میں کل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ زمین اور 2 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں کل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حیدر آباد میں یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ مختص کیے گئے ہیں۔
حیدر آباد میں یونیورسٹی کا اعلان سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا، حیدر آباد یونیورسٹی کا مسودہ قانون قومی اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، یونیورسٹی کا نام وفاقی جامعہ حیدر آباد ہوگا۔
یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے معاہدےمیں شامل ہے۔ یونیورسٹی کے لیے وفاق نے 2 ارب سے زائد رقم بھی مختص کردی ہے جبکہ مجوزہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وزیر اعظم عمران خان نے سندھ کا دورہ کیا تھا جب کراچی کے دورے کے دوران انہوں نے شہر قائد کے لیے 162 ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں وہ گھوٹکی پہنچے تھے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔