لندن : اسرائیل کے وزیراعظم کا خاکہ بنانا برطانوی اخبار کے کارٹونسٹ کو مہنگا پڑگیا، ادارے نے ملازمت سے برطرفی کا پروانہ تھما دیا۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘کے کارٹونسٹ اسٹیو بیل نے غزہ میں ہونے والی تباہ کاریوں کے پیش نظر اپنا آرٹ تخلیق کیا تھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جس میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو باکسنگ کے دستانے پہنے اپنے پیٹ پر آپریشن کرنے کی تیاری کرتے ہوئے دکھایا گیا، جس پر غزہ کی پٹی کا خاکہ بنا تھا اور غزہ کے رہائیشیوں کیلئے پیغام تھا کہ یہاں سے چلے جاؤ۔
اس حوالے سے اخبار کے ترجمان نے کہا کہ اسٹیو بیل 40 سال سے گارڈین کے اہم کارٹونسٹ رہے، اب اسٹیو بیل کے معاہدے کی مزید کوئی تجدید نہیں کی جائے گی۔
کارٹونسٹ اسٹیو بیل گارڈین اخبار کیلئے 42 سال سے کام کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ پیر کے اخبار کیلئے کارٹون بھیجا گیا تھا اور چار گھنٹے بعد سینئر ایڈیٹر نے اسے مسترد کردیا تھا۔
اسٹیو بیل نے اپنے کارٹون کے دفاع میں 1960 کی دہائی کے دوران اس وقت کے امریکی صدر لنڈن بی جانسن کے بنائے گئے ایک خاکے کا حوالہ دیا جس میں صدر جانسن کا جسم ویتنام کے نقشے جیسا دکھایا گیا تھا اور اس پر شدید زخم تھے۔
اسٹیو بیل کا موجودہ کنٹریکٹ اپریل 2024 تک جاری رہے گا جس کے بعد ان کی ملازمت ختم ہوجائے گی۔