شادی کی تقریب میں ایک مہمان اپنے ساتھ بن بلائے پالتو ببر شیر کو بھی لے آیا جو لوگوں کا ہجوم دیکھ کر ایسا بپھرا کہ تقریب ہی درہم برہم ہوگئی۔
یہ انوکھا مگر خوفناک واقعہ لیبا میں پیش آیا ہے جہاں شادی کی تقریب میں مدعو ایک مہمان اپنے ساتھ پالتو ببر شیر کو بھی لے آیا جو عوام کاہجوم دیکھتے ہی بپھر گیا اور مہمانوں پر چڑھ دوڑا۔
العربیہ نیوز کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں شادی کی ایک تقریب جاری تھی کہ ایک مہمان اپنے پالتو ببر شیر کے ساتھ ہال میں داخل ہوا۔
جنگلی اور خونخوار جانور کو دیکھ کر مہمان خوفزدہ ہو گئے۔ دوسری جانب ببر شیر بھی اتنے سارے عوامی ہجوم کو دیکھ کر بپھر گیا اور اپنے مالک کے ہاتھ سے رسی چھڑا کر ہجوم کی جانب لپک پڑا۔
اس دوران شیر کے مالک نے لوگوں کے ساتھ مل کر اس جنگلی جانور پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن ناکامی ہوئی۔ شیر کے مالک نے اس کے سر پر مخصوص طریقے سے چابک کا دستہ مارا جس پر وہ مزید غصیلا ہو گیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کر دیا۔
شیر کے نوکیلے پنچوں کی زد میں آ کر متعدد مہمان شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں وہ بھاگتا ہوا شادی ہال سے ہی فرار ہوگیا۔
مقامی سوشل میڈیا پر واقعے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جائے اور ایسے لوگوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے پالتو مگر خطرناک جانوروں کو عوامی مقامات پر نہ لائیں۔