تازہ ترین

گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد گرفتار

لاہور: گجرپورہ زیادتی کیس کے مفرور ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرلیا گیا.

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے اپنے ساتھیوں‌ کے ساتھ مل کر خاتون کو بچوں‌ کے ہمراہ زیادتی کا نشانہ بنایاتھا۔

ملزم کو پولیس نے فیصل آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا ، کیس میں گرفتار دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔

ذاتی رائے ہے زیادتی کیسز کے ملزمان کو سرعام سزا  ملنی چاہئے، فیاض الحسن چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ملزم کے ٹھکانوں پر تین سے چار مرتبہ چھاپے مارے لیکن وہ فرار ہوجاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کیز میں ہمیں مجموعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، 72 گھنٹے کے اندر تاریخ میں پہلی مرتبہ ملزمان کی نشاندہی کی گئی تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ واقعے کے دونوں مرکزی ملزم تھے ایک پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، ذاتی رائے ہے کہ زیادتی کیسز کے ملزمان کو سرعام سزا  ملنی چاہئے۔

واضح رہے کہ لنک روڈ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی پولیس کے لیے درد سر بنا ہوا تھا، پولیس کی ٹیمیں ملزم کی گرفتاری کے لیے متحرک تھیں متعدد مرتبہ چھاپے بھی مارے گئے تھے لیکن پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل پولیس نے ملزم کی اہلیہ اور بھائی کو بھی گرفتار کیا تھا، خیال رہے کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لنک روڈ پر گاڑی میں پیٹرول ختم ہونے کے بعد سڑک پر کھڑی خاتون کو بچوں کے ہمراہ اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

Comments

- Advertisement -