گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اے ایس آئی کا لڑکی سے مبینہ زیادتی کا ڈراپ سین ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے اے ایس آئی کا لڑکی سے مبینہ زیادتی کا ڈراپ سین ہوگیا، متاثرہ لڑکی نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا کہ میرے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی۔
متاثرہ لڑکی نے مصباح بی بی نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا کہ ملزم اے ایس آئی مبشر نے میرے ساتھ زیادتی نہیں کی، والد نے غلط فہمی کی بنا پر مقدمہ درج کروایا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان لکھ کر سربمہر کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوادیا۔
مزید پڑھیں: لڑکی سے مبینہ زیادتی ، اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج
یاد رہے کہ تھانہ اروپ کے علاقے بسم اللہ کالونی کی رہائشی لڑکی نے چند روز قبل اے ایس آئی مبشر پر زیادتی کا الزام لگایا تھا جس کا مقدمہ تھانہ اروپ میں درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اے ایس آئی 10 بجے سے ایک بجے تک لڑکی کے گھر میں موجود رہا جبکہ جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی مبشر لڑکی کے گھر چالیس منٹ موجود رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق لڑکی نے 10 بجے سے ایک بجے تک اپنے نمبر سے مختلف لوگوں کو 29 کالز کیں، موبائل لوکیشن کے مطابق لڑکی کے گھر سے اے ایس آئی تھانے واپس آیا اور پھر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی چلا گیا تھا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بیان کی تصدیق شدہ کاپی ملتے ہی مقدمہ خارج کردیا جائے گا۔