گوجرانوالہ کے کمشنر بہادر کے گمشدہ ہونے والے پالتو کتے کو پولیس اور میونسپل کارپوریشن تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دو روز قبل کمشنر گوجرنوالہ کا کتا کھو گیا تھا، جس کی تلاش کا کام میونسپل کارپوریشن اور پولیس کو سونپا گیا تھا۔
میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ جلد از جلد کتے کو تلاش کر کے واپس کمشنر ہاؤس پہنچائیں۔
کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایت کے بعد میونسپل کارپوریشن کے عملے نے رکشے میں اسپیکر نصب کر کے کتے کی گمشدگی کے اعلانات کیے اور شہریوں سے تلاش میں تعاون مانگا تھا۔
مزید پڑھیں: کمشنر گوجرانوالہ کے کتے کی تلاش، انتظامیہ متحرک
لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کیا گیا تھا کہ جو شخص کتے کے بارے میں معلومات دے گا اُسے معقول انعام دیا جائے گا جبکہ اگر کسی کے پاس سے یہ برآمد ہوا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اب اطلاع سامنے آئی ہے کہ پولیس اور میونسپل کارپوریشن کا عملے کمشنر کے کتے کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بچے سڑک پر کتے کو لے کر گھوم رہے تھے، جس کی پہچان کی گئی تو وہ چھوڑ کر چلے گئے۔