گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں معمولی جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے ڈی ٹاپ کالونی میں بیٹی کی سالگرہ کی تقریب سے واپسی پر شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا۔
مقتولہ کی شناخت فروا کے نام سے ہوئی، پولیس نے مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ حماد نے بیٹی کی سالگرہ کی تقریب سے واپسی پر فروا پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
مزید پڑھیں: شوہر نے فیکٹری کے سامنے بیوی کو قتل کردیا
مقتولہ کے ورثا نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ ملزم حماد کی ڈھائی سال قبل فروا سے شادی ہوئی تھی، ان کی ایک بیٹی ہے۔
سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حماد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے نیو کراچی میں نجی فیکٹری کے باہر شوہر نے تیز دھار آلے کے پے درپے وار کرکے بیوی کو قتل کردیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی شناخت 40 سالہ پروین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پولیس نے ملزم اسلم کو قتل کے الزام میں گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا۔