گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرونا لاک ڈاؤن سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے با اثر افراد نے اپنے مویشی سرکاری اسکولوں میں منتقل کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران گوجرانوالہ سرکاری تعلیمی ادارے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہو گئے، با اثر افراد اسکول پر قبضہ کر کے بھینسوں کے باڑے کے طور پر استعمال کرنے لگے۔
ضلعی انتظامیہ کے کرونا لاک ڈاؤن میں مصروف ہوتے ہی قبضہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے، تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقے کوٹ منڈ میں بااثر افراد سرکاری اسکول پر قبضہ کر کے بھینسوں کے باڑے کے طور پر استعمال کرنے لگے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے غلام فرید نے بتایا کہ با اثر افراد نے کوٹ منڈ پرائمری اسکول پر قبضہ کر کے اپنا ڈیرہ بنا کر اس میں مویشی بھی باندھ دیے ہیں اور طلبہ کے کلاس رومز میں جانوروں کا چارہ ڈال دیا گیا ہے۔
سرکاری اسکولوں سے متعلق فواد چوہدری نے بڑی خوش خبری سنادی
اسکول کے گراؤنڈ میں چارہ کاٹنے والی مشین اور جانوروں کے چارہ کھانے کے لیے جگہ بھی بنائی گئی ہے، علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے اسکول کو فوری طور پر بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسکول کی مرمت کروا کر اس میں درس و تدریس شروع کروائے تاکہ غریب آدمی کا بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں گوجرانوالہ شہر میں مویشی باڑوں کو ختم کرنے کے لیے منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی، اندرون شہر چارہ لانے پر دفعہ 144 کا نفاذ بھی کیا گیا تھا، کہا گیا تھا کہ جانوروں کے باڑے شہری حدود سے باہر منتقل کیے جائیں۔