گجرات : اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ دس سال میں پنجاب میں انڈسٹری آگے نہیں بڑھی، ہمارے دور میں ماحول سازگار ہوگیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے گزشتہ دور حکومت میں پنجاب کی جی ڈی پی گروتھ آٹھ فیصد تک ہوگئی تھی، ہر سیکٹرمیں اچھا کام ہو رہا تھا لیکن گزشتہ دس برسوں میں چھوٹی صنعتوں میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔
چوہدری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹریز کے مسائل میں اضافے سے برآمدات متاثر ہوئیں اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے فروغ سے ملکی برآمدات بڑھتی ہیں اورملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا کہ ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائی جائے گی تاکہ مقامی صنعت ترقی کرسکے، ان کاموں میں وقت تو لگتا ہے لیکن ہم نیک نیتی سے ایسے کام کرتے ہیں جس سے آئندہ نسلوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔