صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات کی ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بیرکوں میں آگ لگادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں اچانک پولیس اہلکاروں اور قیدیوں کے درمیان تصادم ہوا، جس پر قیدیوں نے شدید احتجاج کیا اور بیرکوں کی چھت پر چڑھ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق اس دوران قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم بھی ہوا جس کے نتیجے میں متعدد قیدی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ڈسٹرکٹ جیل سے وقفے وقفے کے ساتھ فائرنگ کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ضلع بھر کی پولیس کو طلب کیا گیا جنہوں نے جیل کو اپنے حصار میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ترجمان گجرات پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے جیل کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے، بیرکوں میں لگی آگ کو بجھادیا گیا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں اور ہنگامہ آرائی پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
ادھر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کےواقعےکا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرگجرات،آرپی او کو فی الفورجیل پہنچنےکی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ہنگامہ آرائی پرقابوپانےکیلئے ہرممکن اقدام اٹھایاجائے اور ہنگامہ آرائی کےذمہ دارقیدیوں کا تعین،قانون کےمطابق کارروائی کی جائے۔