اسلام آباد : عمران خان نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ کرپشن کےخلاف جنگ نہیں رکےگی، ن لیگ اوردیگر جماعتیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا چاہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کے الزامات کے بعد قومی اسمبلی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنا مرضی سیاسی استحصال کریں، کرپشن کےخلاف جنگ نہیں رکےگی، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے لیکن وزیراعظم کیلئے یہ معاملہ اہم ہے، ن لیگ اور دیگرجماعتیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرناچاہتی ہیں۔
عمران خان نے امید ظاہر کی کہ الزامات کا ماہرین کے ذریعے فرانزک آڈٹ کرایا جائےگا۔ کپتان کا کہنا تھا کہ گلالئی میرشکیل، گورنر خیبر پختونخوا اورامیرمقام سے رابطے میں تھیں، امید ہے کہ تینوں شخصیات اور گلالئی کے والد کے موبائل کا فرانزک آڈٹ ہوگا۔
مزید پڑھیں: گلالئی کے الزامات، تحقیقات کیلئے کمیٹی کا قیام
عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں میرے اورمیری جماعت کےخلاف کیسز ناکام ہوگئے، جتنا مرضی سیاسی استحصال کریں، کرپشن کےخلاف جنگ نہیں رکےگی، کرپٹ لوگوں کو بے نقاب کرنے کا میرا مشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ عائشہ گلالئی کے عمران خان پر الزامات کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تحقیقاتی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ جو بھی الزامات لگے ہیں ان کی تحقیقات ان کیمرہ ہونی چاہئیے۔