اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

گلستان جوہر، سستی اشیا کا سن کر عوام کا ہجوم امڈ آیا پھر کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

گلستان جوہر میں نجی آؤٹ لیٹ کے افتتاح پر سستی اشیا کا سن کر عوام کا ہجوم امڈ آیا، جس کی وجہ سے صورتحال بالکل ہی قابو سے باہر ہوگئی۔

نجی آؤٹ لیٹ کی افتتاحی تقریب میں شہریوں کے لیے سیل رکھی گئی تھی، تاہم گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب اس آؤٹ لیٹ کے افتتاح پر کئی نوجوان ڈنڈے لے کر پہنچ گئے اور مال میں تباہی مچ گئی، شہریوں نے اس واقعے پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر مال کی انتظامیہ یہ رش نہیں سنبھال سکتی تھی تو پھر انھیں اتنے بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

- Advertisement -

ایک شخص نے کہا کہ یہاں پر میں آیا تھا پر سارا بازار انھوں نے بند کردیا ہے، جب یہ چیزیں نہیں دے سکتے تو انھوں نے یہ بازار کھولا کیوں تھا، ایک خاتون نے بتایا کہ ہم قریب ہی رہتے ہیں یہاں آئے تو یہ حالت دیکھی۔

عوام کا ہجوم جوں جوں بڑھا اور انھیں اندر جانے کی جگہ نہ ملی تو کچھ لوگوں نے اس آؤٹ لیٹ کے شیشے توڑ دیے، مشتعل افراد نے کپڑے جوتے جو ملا سب اٹھالیا، حالات دیکھ کر آؤٹ لیٹ کے ملازمین بھی بے بس ہوگئے۔

پولیس موقع پر پنچی تو مشتعل افراد منتشر ہوگئے، اس دوران گلستان جوہر کامران چورنگی اور اطراف کی کئی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح پر بدنظمی اور ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اور لوگ قابو سے باہر ہوگئے تھے۔

گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح کے بعد ڈنڈا بردار افراد نے دھاوا بول دیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی، انتظامیہ کی جانب سے ہجوم دیکھ کر مال کے دروازے بند کرنے کے بعد عوام مشتعل ہوئے۔

نجی شاپنگ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیل لگائی گئی تھی، واقعے کے دوران پولیس غائب رہی بعدازاں مارٹ انتظامیہ کی جانب سے پولییس کو طلب کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مال انتظامیہ کی جانب سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا کہ اس قسم کی کوئی تقریب کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا ہے کہ آج مارٹ کا افتتاح تھا، رش زیادہ ہونے کی وجہ سے مارٹ کو بند کیا گیا، مارٹ بند ہونے کی وجہ سے کچھ شرانگیز متحرک ہوئے ، پتھراؤ کی کوشش کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں