افریقی ملک چاڈ کے دارالحکومت اینجامینا میں صدارتی محل پر حملہ آوروں نے اچانک دھاوا بول دیا، اس موقع پر 18 حملہ آور اور ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
صدارتی محل کے واقعے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، حکومتی ترجمان کے مطابق حملے کے دوران گولیوں کی آوازیں سنی گئیں اور سڑکوں پر ٹینکوں کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد 19 ہے، جن میں سے 18 حملہ آور 24 رکنی گروپ کے رکن تھے جو صدارتی محل حملہ کرنے آیا تھا۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات اور وزیر خارجہ عبد الرحمٰن کولا ملا نے کہا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، انتشار کی ہر کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
چاڈ کے سکیورٹی ذرائع نے بھی بتایا ہے کہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً پونے 8 بجے صدارتی عمارت کے اندر مسلح کمانڈوز نے فائرنگ کی تاہم صدارتی محل کے سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں قابو میں کرلیا۔
مذکورہ واقعہ بدھ کی شام 7:45 بجے (1845 جی ایم ٹی) اس وقت پیش آیا جب ایک مسلح گروہ نے صدارتی محل کے اندر فائرنگ شروع کی۔ ذرائع کے مطابق تمام راستے بند کر دیے گئے تھے اور فوجی ٹینک سڑکوں پر گشت کر رہے تھے۔