میکسیکو: میکسیکو میں نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 24 افراد کو ہلاک اور 7 کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی وسطی ریاست گیانا جوٹو میں غیر قانونی طور پر قائم نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں فائرنگ سے 24 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ کے دوران بحالی مرکز میں موجود افراد زمین پر لیٹ گئے تھے۔
گورنر ڈیا گو سنہو روڈریگز ویلجیو کا کہنا ہے کہ حملے کا اب تک مقصد سامنے نہیں آیا، تاہم لگتا ہے کہ اس میں منشیات کے گروہ ملوث ہیں۔
میکسیکو کے منشیات کے گروہوں نے ماضی میں بھی ایسی سہولیات میں پناہ دینے والے حریف گروہوں کے مشتبہ ڈیلروں کو ہلاک کیا ہے۔
یاد رہے کہ 2010 میں شمالی میکسیکو کے شہر چی ہوا ہوا میں بحالی مرکز پر حملے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس کے بعد سے اس طرح کے مراکز پر ایک درجن سے زائد حملے ہوچکے ہیں۔