بھارت کے شہر گڑگاؤں میں ایک انسانیت سوز واقعہ رونما ہوا، نجی اسپتال میں داخل بیمار ایئرہوسٹس کو وینٹی لیٹر پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گڑگاؤں کے ایک نجی اسپتال میں یہ واقعہ 6 اپریل کو پیش آیا تھا تاہم 13 اپریل کو معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بیمار ایئرہوسٹس اسپتال ڈسچارج ہوئی اور اپنے شوہر کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔
پولیس کے مطابق 46 سالہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر صدر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ خاتون کمپنی کی جانب سے گڑگاؤں میں ٹریننگ کے لیے آئی تھیں اور ایک ہوٹل میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی، اسی دوران طبیعت خراب ہونے پر انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
دوران علاج 6 اپریل کو انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جبکہ اسی دوران اسپتال کے عملے نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، جس وقت وہ وینٹی لیٹر پر تھیں اس وقت وہ کچھ نہیں بول سکتی تھیں اور انتہائی ڈری ہوئی تھیں۔
متاثرہ خاتون کے مطابق اس وقت بے ہوشی کی حالت میں تھی اور واقعے کے وقت دو نرسز بھی ان کے اطراف موجود تھیں اور اسی دوران مجھ پر ظلم کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گڑگاؤں کے صدر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس کی ٹیم مذکورہ اسپتال بھیج دیا گیا ہے تاکہ معاملے کی تفتیش کی جاسکے۔
بھارت: لڑکی سے 6 دن تک اجتماعی زیادتی کا ہولناک واقعہ
پولیس کی ٹیم نے اس معاملے پر مزید کارروائی کرتے ہوئے مجسٹریٹ کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کرلیا اور جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔