ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

شیخ رشید کا گوادر میں ریلوے اسٹیشن تعمیر کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے پاس کسی کی پرچی نہیں چلتی، ریلوے میں 10 ہزار بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر ریلوے نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس کسی کی پرچی نہیں چلتی، ریلوے میں 10 ہزار بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

- Advertisement -

گورنر نے کہا کہ شیخ رشید دن رات کام کر رہے ہیں ان کا مشکور ہوں، شیخ رشید نوکریوں کے ساتھ ریلوے کا خسارہ بھی کم کر رہے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 100 دنوں کا پلان وقت سے پہلے مکمل کرلیں گے، بلوچستان حکومت گوادر میں ریلوے کے لیے زمین فراہم کر چکی ہے۔ گوادر میں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے بعد اسے ڈویژن بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام ٹرینوں کو فعال کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں، انہوں نے ملک کی ترقی کا ایجنڈا اٹھایا ہوا ہے، ’عمران خان ان میں سے نہیں جو مال لوٹ کر کھا جائیں‘۔

شیخ رشید نے کہا کہ گوادر میں ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان رکھیں گے۔ بلوچستان حکومت سے درخواست کی ہے کہ 280 ایکڑ زمین مزید دی جائے۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ بلوچستان کو آج دو تحفے دے کر جا رہا ہوں، غیر فعال 2 پلانٹس کی بحالی اور واپڈا کے ذریعے بحالی کی ہدایت کردی۔ ’سندھ بلوچستان پانی کے تنازع کو جلد حل کیا جائے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کو جیل سے قبل کوئٹہ کی پرانی ریل گاڑیوں کا چکر کھانا چاہیئے۔ ماضی میں بلوچستان کو اہمیت نہیں دی گئی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتے ہیں ان کی ترقی کے لیے کام کریں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مینڈیٹ دے کر جارہا ہوں وہ اپنے آپ کو واٹر منسٹر بھی سمجھیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں