کراچی: تیز رفتار تکنیکی ترقی کرتی دنیا اور بدلتے ہوئے عالمی چیلنجز میں حبیب یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم میں جدت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ”انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائن تھنکنگ، انٹرپرینیورشپ، اینڈ لیڈرشپ“ (IDEAL) متعارف کرادیا ہے۔
یہ انقلابی قدم طلباء اور صنعت سے وابستہ افراد کے درمیان یکساں طور پر مسائل کو حل کرنے، کاروباری سوچ اور مشترکہ قیادت کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
افتتاحی تقریب حبیب یونیورسٹی کے کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی نے کلیدی خطاب کیا۔ اس کے بعد یوسی برکلے کے اسٹارجا سینٹر فار انٹرپرینیورشپ اینڈ ٹیکنالوجی (SCET) کی ڈائریکٹر آف انگیجمنٹس، سوزان گیزک نے بصیرت افروز گفتگو کی۔ کارپوریٹ انوویشن اور عالمی شراکت داریوں میں وسیع تجربے کی حامل گیزک نے تخلیقی صلاحیتوں، مطابقت اور مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے میں ڈیزائن تھنکنگ کے اس اہم کردار پر زور دیا۔
آئیڈیل کا اقدام حبیب یونیورسٹی کی اُس روایت کو آگے بڑھاتا ہے جس کے تحت وہ تعلیمی اداروں میں جدید مراکز قائم کرتی ہے، جیسے کہ دی پلے گراؤنڈ: سینٹر فار ٹرانس ڈسپلنیرٹی، ڈیزائن اور انوویشن اور دی ہوریزون، جو ایک جدید طرز کا کلاس روم ہے جہاں تعاون اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیا جاتا ہے۔
اب IDEAL کے ذریعے حبیب یونیورسٹی تعلیم اور صنعت کو جوڑنے کے لیے ایک اور جراتمند قدم اٹھا رہی ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے گا جہاں طلبہ اور پروفیشنلز مل کر موجودہ دور کے چیلنجز کا جدید حل تیار کرسکیں گے۔ حبیب یونیورسٹی پاکستان کی پہلی اعلیٰ تعلیمی درسگاہ ہے جس نے اپنے نصاب میں ڈیزائن تھنکنگ کو شامل کیا ہے۔
حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مسلسل سیکھنے، جدت، انٹرپرینیورشپ اور باہمی تعاون کے گرد طلباء، فیکلٹی اور صنعت کے درمیان موثر روابط اور مستحکم کمیونٹی کو کس طرح پروان چڑھا سکتے ہیں؟IDEAL ایک ننی تعلیمی حقیقت کی تشکیل کی جانب فیصلہ کن قدم ہے، جو خود کو ازسرنو تخلیق کرنے، بہتر بنانے اور بدلتے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے پُرعزم اور تیار ہے۔