ماسکو: روس کے مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں ہیکرز نے حملہ کر کے 2 ارب روبلز (3 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز) چوری کرلیے، بینک انتظامیہ نے بھی رقم چوری ہونے کی تصدیق کردی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مرکزی بینک کے اکاؤنٹس پر نامعلوم افراد نے انٹرنیٹ کی مدد سے حملہ کیا اور بینک کو 5 ارب روہلز کے نقصان پہنچانےکی کوشش کی تاہم انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بینک کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔
بینک کے عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے برطانوی خبررساں ادارے کو کہا کہ ’’ہیکرز نے 5 ارب روبلز چرانے کی کوشش کی تاہم وہ صرف 2 ارب روہیلز کی رقم حاصل کرسکے جو امریکی ڈالر کے حساب سے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز بنتی ہے‘‘۔
پڑھیں: ’’ سعودی عرب پر ہیکرز کا حملہ، متعدد اہم ویب سائٹس متاثر ‘‘
دوسری جانب روسی حکام نے ایک بیان بھی جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم نے غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی ایک سازش کا سراغ لگایا ہے جس کے تحت بیرونی طاقتیں روس کے بینکنگ سسٹم پر مسلسل سائبر حملے کرکے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں‘‘۔