اسلام آباد : مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (آج) بد ھ کو طلب کرلیا، اجلاس میں16نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق کمیٹی کے الیکڑک کو قومی گرڈ سے 150 میگا واٹ بجلی فراہمی پر غور کرے گی۔ ایجنڈے کے مطابق وزارت بجلی نے رمضان المبارک میں بجلی فراہمی کیلئے ٹیسکو تقسیم کار کمپنی کیلئے ایک ارب80کروڑ روپے کی سبسڈی مانگ لی۔
ایجنڈا کے مطابق وزارت بجلی نے صنعتی شعبے کو تین روپے فی یونٹ سبسڈی کی رقم مانگ لی اسکیم جاری رکھنے پر بھی رائے طلب کرلی۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں گزشتہ تین مالی سالوں میں سول آرمڈ فورسز میں اضافی تعیناتیوں پر سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے پر غور کیا جائے گا۔
ایجنڈا کے مطابق ایف آئی اے اور اے این ایف کو الگ الگ ساڑھے چھ کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں سرکاری شعبے میں گندم کی خریداری پر غور کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں حکومت کی طرف سے لئے گئے قرض بغیر اضافی چارجز پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کو فراہم کرنے کی سمری کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔