اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حفیظ شیخ کی زیر صدارت جاری اجلاس میں مختلف محکموں کے لئے 12 سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری تھا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اجلاس کے دوران مختلف قیمتوں میں 15 ملین بیرل تیل ایک یا دو سال کے لئے درآمد کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اکٹھے تیل کی درآمد 12 مساوی اقساط میں کی جاسکے گی، درآمدی تیل کی قیمت برنٹ سے زیادہ مختلف اسٹاک پرائس پر ہوسکے گی۔
ای سی سی نے قیمتوں کے پیشگی تعین کی سمری کیلئے مشیر پیٹرولیم ندیم بابر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی افرادی قوت کی حتمی ریشنلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی اور سپریم کورٹ کے فیصلوں اور ہدایات کی روشنی میں حتمی ریشنلائزیشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔