اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں گیس کی قیمت میں اضافہ زیرغورآنے کا امکان ہے، گھریلوصارفین سمیت مختلف شعبوں کے لیےگیس کے نرخ بڑھائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں 6نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملک میں مہنگائی، اشیا ضروریہ کی طلب ورسد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گیس کی قیمت میں اضافے پر فیصلہ اگلے اجلاس تک کیلئے موخرکر دیا گیا اور وزارت خزانہ کی تجویز پر پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ کیلئے عالمی بنک سےحاصل کردہ 14 کروڑڈالر قرضہ میں سے ایک کروڑڈالررقم سے ٹرسٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے اسٹیٹ بینک کوایچ بی ایف سی میں اپنےشیئرز فروخت کرنےکی اجازت دےدی جبکہ رواں مالی سال کےاخراجات پورا کرنے کیلئے وزارت خزانہ کیلئے 8 کروڑ روپےکی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کی تجویز پرپاکستان اسٹیل ملز کو ایس ایس جی سی کی ادائیگی کیلئے 35 کروڑ روپے کے اجراءکی منظوری بھی دی ، یہ رقم سوئی گیس کےبلوں کی ادائیگی کیلئے دی گئی ہے۔
گذشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 3 لاکھ ٹن گند م درآمد کرنے کی اجازت دی تھی ، گندم کی پہلی کھیپ 15 فروری تک آنے کا امکان ہے۔
ای سی سی نے ملک میں سستی کھاد کی فراہمی کیلئے اقدام اٹھاتے ہوئے کھادکی بوری پرعائد400 روپےجی آئی ڈی سی کی چھوٹ دینےکی منظوری دی تھی، ای سی سی کےفیصلےسے کاشتکاروں کو سستی کھاد مل سکے گی۔