اسلام آباد : مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں کمیٹی 6نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اجلاس کی صدارت کریں گے ، ای سی سی اجلاس میں 6نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی مالی مشکلات کی سمری، پائیدارترقی پروگرام کےلیپس فنڈزکی دوبارہ منظوری اور سارک کوروناایمرجنسی فنڈکیلئے3 ملین ڈالراضافی فنڈزکی فراہمی پرغورہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے سارک کورونا ایمرجنسی فنڈکی سمری بھجوائی ہے، وزارت تجارت کی درآمدی پالیسی میں ترمیم کی سمری بھی زیر غور آئے گی جبکہ اے ڈی بی آف شور روپیہ بانڈزکی سمری پربھی غورہوگا۔
یاد رہے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ، جس کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے تحت ریلوے کا 2655 کلو میٹر ٹریک اپ گریڈ ہوگا، ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کا کام تین پیکیجز میں کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق ٹریک اپ گریڈ سے مسافر ٹرینوں کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی، مسافر ٹرینوں کی تعداد 34 سے بڑھ کر 137 اور پھر 171 ہوجائے گی، ریلوے کی مال بردار گاڑیاں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی بنے گی۔
ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ مالیت کے سنگل ونڈو منصوبے کی منظوری بھی دے دی، ایف بی آر کے منصوبے کی 2023 میں تکمیل ہوگی، منصوبے سے سرحد پار تجارت کے نظام اور طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔