اسلام آباد: نئے مقرر ہونے والے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف مشن چیف کو ٹیلی فون کر کے بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے کے بعد مشیر خزانہ بننے والے ماہر معاشیات حفیظ شیخ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے مشن چیف کو فون کر کے بیل آؤٹ پیکج سے متعلق بات چیت کی۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حفیظ شیخ نے مشن چیف کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام پر تفصیلی گفتگو کی اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ (اپریل) کے آخرمیں پاکستان کا دورہ کرے گا، حفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد آزور سے بھی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاق رائے ہو گیا ہے: اسد عمر
یاد رہے کہ 15 اپریل کو سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاق رائے ہو گیا ہے، واشنگٹن میں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور اے ڈی بی حکام سے ملاقات ہوئی، امکان ہے کہ آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر ملیں گے، مجموعی طور پر عالمی بینک سے 15 ارب ڈالر قرضہ ملنے کا امکان ہے۔