پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں شکست کی ذمہ داری میں خود لوں گا اور جیت کا کریڈٹ میرے ذمے نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب ہارنے کے لیے کچھ نہ ہو تو ٹیمیں اچھا پرفارم کرتی ہیں۔ ٹیم کا مائنڈ سیٹ کلیئر ہے، ہم مل کر بہتر رزلٹ لانے کی کوشش کرینگے۔
انھوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے کوئی ایک کھلاڑی ٹارگٹ پر نہیں۔ صرف نیتھن لیون کیخلاف ٹارگٹ سیٹ نہیں کیا بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم کیخلاف پلان کیا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں اس وقت ساجد خان کے علاوہ کوئی آف سپنر نہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ میں یہاں نوکری کرنے نہیں آیا، میں خدمت کرنے آیا ہوں۔ مثبت تنقید کی جائے گی تو مزہ آئے گا، اس کا جواب بھی دوں گا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر کا رول پلان دینا ہوتا ہے۔ ہمارے پلان میں فی الحال ہیڈ کوچ کی جگہ نہیں۔ ڈومیسٹک کے پرفارمرز کا ٹیم میں آنا خوش آئند ہے۔ ذکااشرف نے بہترین تعیناتیاں کی ہیں۔
ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ حقدار کو حق ملے تو نتیجہ اچھا ہوتا ہے۔ ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو عزت دیں گے تو اچھا ہو گا۔ سابق کرکٹرز کے خیالات کا احترام کرتا ہوں
سابق کپتان نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ کرکٹر کی تمام ٹیم کے ساتھ بہت اچھی باؤنڈنگ ہے۔ شان مسعود اور بابر اعظم کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ بابر کی بطور بلے باز خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ بابر اعظم کا اب کھیل مزید نکھرے گا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اس کے بعد کوئی دوسری چیز ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑی کی پہلی ترجیح پاکستان ہونی چاہیے
انھوں نے کہا کہ ذکا اشرف نے کپتانی کے حوالے سے بہترین تعیناتیاں کیں۔ کوئی ایک کھلاڑی ٹرمپ کارڈ نہیں، سب ہی ہمارے ٹرمپ کارڈ ہیں۔