جمعہ, نومبر 8, 2024
اشتہار

’’شہباز شریف ہمارا موڈ سمجھ لیں!‘‘ حافظ نعیم نے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں دھرنوں کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حافظ نعیم الرحمان نے ملک کے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں دھرنوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ہمارا موڈ سمجھ لیں، جانے کے لیے نہیں آئے، ریلیف لینے کے لیے آئے ہیں، بجلی کے بل کم کرنے کے لیے آئے ہیں اور تنخواداروں کے سلیب ختم کرنے کے لیے آئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے سے خطاب اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کل سے کراچی میں بھی دھرنا شروع ہوگا، اس کے بعد اسے پورے ملک میں پھیلا دیں گے، پہلے مرحلے میں گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بیٹھیں گے، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں پر دھرنا دیں گے۔

انھوں نے کہا لاہور میں بھی گورنر ہاؤس پر تاریخی دھرنا شروع ہونے جا رہا ہے، پشاور کے وزیر اعلیٰ یا گورنر ہاؤس کے سامنے بھی دھرنا شروع ہوگا، ہمارا دھرنا عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ہے، بجلی کے بل اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ کسی بھی طبقے کے لیے ادا کرنا ممکن نہیں رہا، پاکستان کے 98 فی صد لوگ بجلی کا بل ادا نہیں کر سکتے۔

- Advertisement -

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ممکن نہیں کہ لوگ بھاری بل دیں اور بچوں کو پڑھا سکیں، حکومت نے بنیادی اشیائے خورد و نوش پر 18 فی صد اضافی ٹیکس لگا دیا ہے، اب لوگ کھائیں، کرایہ دیں یا بل بھریں۔

انھوں نے کہا حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ وہ ہر کسی سے بات نہیں کر سکتے، حکومت کہتی ہے ہم آئی پی پیز کے معاہدے سامنے نہیں لا سکتے، اور آئی پی پیز سے بات نہیں کرنا چاہتے، حافظ نعیم نے کہا آئی پی پیز کا کھیل پیپلز پارٹی کے زمانے سے شروع ہوا، اب بھی آئی پی پیز کی ایک لمبی فہرست ہے، آج بھی حقائق لوگوں کے سامنے نہیں لائے جاتے، معاہدے سامنے نہیں لائے جا رہے، آ رایل این جی اس لیے استعمال کرا رہے ہیں کیوں کہ ناجائز معاہدے کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا ہم نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم سمیت حکومتی ارکان 1300 سی سی سے بڑی گاڑی استعمال نہیں کریں گے، کیا وزیر اعظم اس قسم کا اعلان نہیں کر سکتے، یہ لوگ اپنی مراعات میں کمی نہیں چاہتے، اور ان کی بڑی بڑی گاڑیوں کا پیٹرول عوام کی جیب سے جا رہا ہوتا ہے، کون سا بین الاقوامی معاہدہ وزیر اعظم کو گاڑیوں کے اعلان سے روک رہا ہے؟

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ایک اندازے کے مطابق چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے سے 350 ارب کا سالانہ فائدہ ہو سکتا ہے، 2 ہزار اور 3 ہزار سی سی کی بڑی گاڑیاں بیچنے سے ڈیڑھ ہزار ارب بچے گا، وہ ڈیڑھ ہزار ارب روپے پاکستانی عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑی رقم ہے۔

انھوں نے کہا اسلام آباد میں ہمارے دھرنے کو 5 دن ہو چکے ہیں، موسم کی شدت کے باوجود لوگ ثابت قدم رہے، اب خواتین بھی دھرنے میں شریک ہو رہی ہیں، جماعت اسلامی کا دھرنا اب عوام کی امید بن گیا ہے، بجلی کے بل عوام کی برداشت سے باہر ہو چکے ہیں، موجودہ صورت حال حکومت کی مجبوری نہیں بلکہ کرپشن کا نتیجہ ہے۔

حافظ نعیم نے کہا ہمیں دھرنے سے بھاگنے کی کوئی جلدی نہیں، ہمیں عوام کو ریلیف دلانے کی جلدی ہے، ہم نے مطالبات پہنچا دیے ہیں، بال اب حکومت کے کورٹ میں ہے، حکومت تاخیر کرے گی تو کراچی، لاہور، پشاور میں بھی دھرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے ہمارے دھرنے کی حمایت کی اس کا خیر مقدم کرتا ہوں، جماعت اسلامی کا اصولی فیصلہ ہے کسی بھی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے، پی ٹی آئی شامل ہونا چاہتی ہے تو خوش آمدید لیکن کسی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں