اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

نااہل اور کرپٹ ٹولہ مسلط ہے ان سے کچھ سنبھل نہیں رہا، حافظ نعیم الرحمان

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ ٹولہ مسلط ہے ان سے کچھ سنبھل نہیں رہا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لوگ زیور بیچ کر بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، عوام کو ریلیف نہ دیا تو یہ لاوا پھٹ جائے گا اور پھر کسی کو بھاگنے کیلیے راستہ بھی نہیں ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کسانوں کو قرضوں میں جکڑا کر رکھا ہوا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، پاکستان نے اگر کسی شعبے میں ترقی کی ہے تو وہ زراعت ہے، کپاس کی کاشت کم کی گئی کیونکہ کسان کا اعتماد تباہ ہوگیا، آپ نے گندم کے معاملے پر کسان کے ساتھ جو کیا اب وہ دلبرداشتہ ہوگیا۔

- Advertisement -

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دہشتگردی سے نجات حاصل کرنی ہے تو ڈائیلاگ کریں، حکومت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں دعوت دے گی تو ہم مشورہ کر کے فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے اور تنخواہ دار طبقے کو تختہ مشق بنایا گیا، بجلی کے بلوں میں کمی اور ظالمانہ ٹیکسز کو واپس لینا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شوگر ملز گنا خریدنے کے بعد کسانوں کو پیسے نہیں دیتیں، صوبے کے نام پر جنوبی پنجاب کے کسانوں کا استحصال کیا گیا، سیاسی جماعتیں اپنے کاموں میں لگی ہوئی ہیں کسی کا ایجنڈا عوام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کا نظام اور اشرافیہ کی مراعات ختم ہونی چاہیے، 12 جولائی کو عوام کے حقوق کیلیے دھرنا دے رہے ہیں۔

بعدازاں لیہ الخدمت اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کو بنے 77 سال ہوگئے لیکن عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، سرکاری اداروں میں تعلیم کا معیار گرتا چلا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی روز مہنگی کی جا رہی ہے اور لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، اسپتالوں میں ادویات کا فقدان ہے سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 12 تاریخ کو عوام کو ریلیف دلانے کیلیے بھرپور کوشش کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں