منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

حافظ نعیم الرحمٰن لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کیخلاف پھٹ پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک اور سندھ حکومت پر پھٹ پڑے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا: ’کے الیکٹرک انتظامیہ وائٹ کالر کریمنل ہیں، اس ادارے کے حکام کو عوام کا خون چوسنے کے لیے بٹھایا گیا ہے، نیپرا کے الیکٹر ک کے لیے سہولت کاری کرتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے عوامی مسائل پر کچھ نہیں کیا، سندھ میں حکومت صرف لوٹ مار اور کرپشن کے لیے ہے، سندھ حکومت اور اس کے اتحادیوں نے شہر کو تباہ کر دیا۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے کردیا

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر کی 90 فیصد آبادیوں میں سیوریج کی گندگی موجود ہے، شہر سے گٹروں کا پانی کون نکالے گا، یہ لوگ تو اپنے دفتروں میں بیٹھے رہتے ہیں، شہر کے مسائل کے حل کے لیے شہریوں کو بیدار ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا: ’اس وقت شہر کی ضرورت ہے کہ یہاں بلدیاتی حکومت ہو، اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں، حکومت الیکشن سے فرار حاصل کرنا چاہتی ہے‘۔

خیال رہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی کے ستائے عوام مزید پریشان ہوگئے ہیں۔

شہری کا کہنا ہے کہ بجلی کا کچھ پتا ہی نہیں ہوتا، آ جائے تو آ جائے اور چلی گئی تو گئی، بجلی ایک گھنٹہ بھی ٹک کر نہیں رہتی، رات کو بھی سکون سے سو نہیں سکتے اور دن میں بھی غائب رہتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں