لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ان کا قانونی حق ہے۔
موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس وقت ملکی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت احتجاج کرنے والوں کو سہولت دے، مظاہرین کی جانب سے مسئلہ ہے تو شہر کیوں بند کر دیا؟ اسلام آباد کے بعد لاہور کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں جو پارٹی جہاں جلسہ کرنا چاہے اجازت دی جائے، موٹروے جی ٹی روڈ بند ہے بیماروں کا کیا حال ہوگا؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری درست عمل نہیں، کسی کو آئین کا قتل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، آئینی ترامیم پر پی ٹی آئی کو مشورہ ہے مختلف شقوں پر بات کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل بچوں اور خواتین پر بمباری کر رہا ہے لاکھوں زخمی اور شہید ہیں، اسرائیل نے جنگ بڑھا دی یمن اور ایران پر بمباری کی تیاری کر رہا ہے، اگر پورے عرب ممالک میں آگ لگی ہوگی تو کیا ہم بچیں گے؟
انہوں نے کہا کہ غزہ معاملے پر حکومت تمام جماعتوں کو آن بورڈ لے، جماعت اسلامی اپیل کرتی ہے 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منائیں، کل کراچی جاؤں گا ایسا ملین مارچ نکالیں گے کہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا، اسلام آباد میں بھی جا کر غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کروں گا۔