کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں بیٹھنے والے جعلی مینڈیٹ والے ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے کارکن موجود ہیں۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قبضہ گیروں کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، عوام کی اسمبلی پریس کلب کے باہر بیٹھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے اور پی ٹی آئی ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف نہیں اٹھایا، فارم 47 کی بنیاد پر پورے مینڈیٹ پر قبضہ کر لیا گیا، (ن) لیگ ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کا اتحاد جعلی قسم کا ہے یہ بدی کا محور ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پُرامن مظاہرے کریں گے اور چوکوں چوراہوں پر کھڑے ہوں گے، اپنے مینڈیٹ کو بازیاب کروانے کی تحریک چلا رہے ہیں، تم گولیوں اور آنسو گیس کے شیل سے کتنے لوگوں کو روک سکتے ہو؟
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے جعلی لوگوں کا حلف تو کروا دیا گیا مگر اصل اسمبلی تو پورے سندھ میں سج رہی ہے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرو اور جو جیتا ہے اسے جیتنے دو۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کے دہشتگرد کہاں سے مسلط کر دیے گئے؟ ان دہشتگردوں کو مسلط کر کے قوم کو کیا پیغام دے رہے ہو؟