اسلام آباد : امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جس دن45دن پورے ہوں گے ہم اسلام آباد میں ہوں گے، معاہدے پرعمل نہ ہوا تو پورے ملک میں پہیہ جام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم نے ایک طویل جدوجہد کی، ہمارادھرنا14روزتک جاری رہا، ہمارامطالبہ تھاپاکستان کے 25 کروڑ عوام کو اس کا حق دیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نےعوام کوعذاب میں مبتلاکررکھاہے، صاحب ثروت لوگ بھی اپنی زندگی کی گاڑی آگےنہیں چلاسکتے،ہم نےساری رکاوٹیں عبورکرکےپرامن کامیاب دھرنا دیا، ہم نےحکمرانوں کوتحریری معاہدہ کرنےپرمجبورکیا۔
انھوں نے کہا کہ دھرنے سے پہلے وزرا کہتے تھے آئی پی پیز معاہدوں کو نہیں چھیڑا جاسکتا، ہمارےدھرنے نے حکمرانوں کوبیانات بدلنے پر مجبور کیا، حکومت نےآئی پی پیزمعاہدوں کی مکمل جانچ پڑتال کا معاہدہ کیا ہے ، ان کا خیال تھا دھرنا دیں گے کچھ دن بیٹھ کرچلےجائیں گے لیکن قرضوں کے ذریعے غلام بنانے کے نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا، قرضوں کے نظام سے پاکستان کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم نےمعاہدےکےذریعےحکومت کوچاروں طرف سےگھیراہے، ہمارے معاہدے کو لولی پاپ کہاجارہاہے، معاہدوں کی حیثیت ہوتی ہےاوران پرعمل در آمدکراناہمیں آتاہے، ہم نے دھرنا ٹی وی پر آنے کیلئے نہیں دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں وقت مانگنے کا مطلب بات آگے بڑھ جانے کا ہے، حکومت نے 45 دن کا وقت مانگا ہے، شہباز شریف جس دن 45 دن پورے ہونگے ہم اسلام آبادمیں ہوں گے، ہم حکومت کوبھاگنےنہیں دیں گے، معاہدے پر عمل نہیں ہوا تو پورےملک میں پہیہ جام کریں گے۔