کراچی : پاکستان ٹیلی وژن کے ممتازاورسینئرڈائریکٹرحیدرامام رضوی اورسینئر ریٹائرڈ جج جسٹس کرم چند نے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معروف ڈرامہ نگار اور ہدایتکار حیدرامام رضوی اور ریٹائرڈ سیشن جج کرم چند نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ یوں تو چالیس سال سے متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ تھے، اب کھل کر شامل ہوئے ہیں۔
حیدر امام رضوی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف آج کل جو لوگ باتیں کر رہے ہیں یہ موسمی لوگ ہیں اوربہت جلد ان کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ ماضی پر بھی ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں انہیں فخر ہے کہ وہ ایم کیو ایم کا حصہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے متحدہ کے قائد کو یقین دلایا کہ کہ وہ ایک کارکن کی حیثیت سے ایم کیوایم کے مشن ومقصدکیلئے کام کریں گے اور اپنے تجربہ سے تحریک کوفائدہ پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ حیدرامام رضوی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں،وہ پی ٹی وی کے بانیوں میں سے ہیں ،جو بے شمار تاریخی ڈرامہ سیریزاورسینکڑوں ڈراموں کے خالق اور ہدایت کار ہیں جنہیں اقوام متحدہ نے بھی دنیاکے 25بڑے ہدایت کاروں میں شمارکیاہے اورانہوں نے اپنے ڈراموں کے ذریعے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔
اسی طرح جسٹس کرم چندایک بے داغ ماضی رکھتے ہیں جنہوں نے غیرجانبدارانہ اورمنصفانہ فیصلے کئے ہیں جس کی وجہ سے ان کابہت احترام پایاجاتاہے۔