پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بنی گالا سے گرفتار ہونے والا حیدر سعید نامی نوجوان ہماری سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اپنی سوشل میڈیا ٹیم کے حق میں سامنے آگئی، اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص نے کہا کہ بنی گالا سے اٹھایا گیا نوجوان ہماری ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدر سعید نامی نوجوان پی ٹی آئی کی ٹیم میں شامل نہیں ہے لیکن اس کا حامی ضرور ہے۔ ایسے نوجوان بانی پی ٹی آئی کے چاہنے والے ہیں۔
اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان موجودہ فسطائیت کے نظام سے نفرت کرتے ہیں،اس لیے وہ اپنا غصہ سوشل میڈیا پر نکال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر کوئی اپنی طبیعت کے مطابق غصہ نکالتا ہے، ان کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اس طرح بے دردی سے اغواء کرکے اٹھا کے لے جانا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ یہ پاکستانی بچے ہیں انہیں اغواء کرنا کہاں کا انصاف ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ حیدر سعید علاوہ جو مزید نوجوان گرفتار کیے گئے ان میں قدیر امجد، سعد طارق، فرحان چشتی اور عثمان محمود شامل ہیں جو ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں ایف آئی اے نے ملزم حیدر سعید کو بنی گالا سے گرفتار کیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق ملزم نے سانحہ جعفر ایکسپریس کے دوران اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا، ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 افراد دوبارہ جے آئی ٹی میں طلب
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 افراد جے آئی ٹی میں دوبارہ طلب کرلیے گئے۔
اس حوالے سے جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، تمام افراد کو 18 مارچ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔