جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

حج 2018: سرکاری قرعہ اندازی، 17921 عازمین کے ناموں کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے سرکاری حج اسکیم کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں 17921 خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کردیا جو رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ، اسکیم کے تحت 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو قرعہ اندازی سے مستشنیٰ قرار دے کر کامیاب قرار دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تین سال یا زائد بار  حج درخواستیں دینے والے 12237 افراد کو اس بار بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 80 سال سے زائد عمر والے 4928 زائرین کو بمع معاون بھی سرکاری کوٹے پر بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ایسے معمر افراد بھی رواں سال حج پر جاسکیں گے جبکہ اگر 7 فیصد کوٹے کا عدالتی فیصلہ وزارت کے حق میں آیا تو 17562 درخواستوں کی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج پالیسی میں بہتر سہولیات کی ہدایت

سردار یوسف کا کہنا تھا کہ 10 فیصد سرکاری اسکیم میں قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے افراد بینکوں سے رقم واپس لے سکتے ہیں اور جو لوگ رقوم واپس نہیں لیں گے انہیں اگلی بار 7 فیصد کی قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔

وفاقی مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت 10 فیصد عازمین حجازِ مقدسہ جائیں گے جبکہ ڈالر ریٹ کی قدر میں ہونے والے اضافے کی 4 ارب سے زائد رقم حکومت حاجیوں کو خود سے ادا کرے گی۔

عازمین کی فنگر پرنٹس لینے کی پالیسی کے حوالے سے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسا کوئی حکم وزارت کو موصول نہیں ہوا، وزارتِ خارجہ نے فنگر پرنٹس کے استشنیٰ کی درخواست بھی سعودی حکام کے حوالے کردی اُس کا بھی تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2018: سرکاری کوٹے کی پہلی قرعہ اندازی، 87 ہزار خوش نصیب عازمین

خوش نصیب افراد کو بذریعہ موبائل میسج آگاہ کیا جائے گا جبکہ مذہبی امور کی ویب سائٹ http://www.hajjinfo.org پر بھی نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں