بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

حج 2018: 87 ہزار خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے حج 2018 کے لیے 50 فیصد درخواستوں میں سے 89 ہزار 6 سو پانچ خوش نصیبوں کے ناموں کی قرعہ اندازی کردی، وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات کا کہنا ہے کہ مسلسل تین سال سے ناکام افراد کے لیے 10 ہزار کا کوٹا مختص کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت سے اجازت موصول ہونے کے بعد وفاقی مذہبی امور نے حج 2018 کے لیے موصول ہونے والی 3 لاکھ 74 ہزار 857 درخواستوں کی قرعہ اندازی کی۔ مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منظور شدہ حج پالیسی 2018 کے تحت کُل سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 1 لاکھ 19 ہزار 4سو 73 ہے جس میں سے آج 50 فیصد (89 ہزار 6 سو 5 )کی قرعہ اندازی کی گئی۔

حج 2018 سرکاری اسکیم کے تحت 80 سال سے زائد 10 ہزار درخواست گزاروں (بمعہ ایک معاون) بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا اور وہ افراد جو گزشتہ تین یا چار سالوں سے مسلسل ناکام ہو ئے ان کے لیے بھی 10 ہزار کا خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق قرعہ اندازی میں جن درخواستوں گزاروں کے نام نہیں آئے انہیں عدالتی فیصلے سے مشروط کوٹے کے تحت دوبارہ کامیاب ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا علاوہ ازیں عدالتی فیصلے کی روشنی میں اگر مزید 10 ہزار نشتیں بڑھائی گئیں تو اُن درخواست گزاروں کے نام بھی خوش نصیبوں میں شامل ہوں گے جنہوں نے بینکوں سے رقم نہیں نکلوائی ہوگی۔

مزید پڑھیں: حج درخواستوں کی قرعہ اندازی مؤخر کرنے کا عدالتی حکم

قرعہ اندازی میں 3 لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں شامل تھیں جن میں سے 89 ہزار 605 خوش نصیبوں کے ناموں کو منتخب کیا گیا، خوش نصیب افراد کو بذریعہ موبائل میسج آگاہ کیا جائے گا جبکہ مذہبی امور کی ویب سائٹ http://www.hajjinfo.org پر بھی نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔

وزیرمملکت برائے مذہبی امورپیر امین الحسنات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرعہ اندازی کے عمل میں وزارت کا کوئی عمل دخل نہیں، شفاف طریقے سے خوش نصیبوں کے ناموں کا انتخاب کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج 50 فیصد درخواستوں کی قرعہ اندازی کررہےہیں باقی کا مرحلہ عدالتی فیصلے کے بعد کیا جائے گا، جن درخواست گزاروں کے نام نہیں آئے انہیں فوری طور پر رقم واپس کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں