سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، بقیہ عازمین کی آمد آئندہ 5 ذی الحجہ تک مملکت کے تین ہوائی اڈوں کے ذریعے جاری رہے گی۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عازمین حج کا پہلا قافلہ اتوار کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گیا ہے۔ اس قافلے میں تقریباً 1850 ایرانی عازمین شامل ہیں۔
ایرانی عازمین حج کے امور کے سربراہ ناصر حویزاوی کا کہنا ہے کہ اس سال ایرانی عازمین حج کی مجموعی تعداد تقریباً 85 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ادارہ حرمین کے شعبہ دینی امور کی جانب سے حج آپریشنل پلان جاری کردیا گیا جو 120 اقدامات پر مشتمل ہے۔ منصوبے کا مقصد عازمین حج کی بہتر رہنمائی کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ السدیس نے آپریشنل منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مملکت کی قیادت نے ضیوف الرحمان کی سہولت اور آرام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین یہاں سے اعتدال پسندی اور انسانیت کا پیغام لے کر جائیں۔
شیخ السدیس کا حج آپریشنل پلان سے متعلق کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کیلیے متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل رہنما ضوابط جاری کیے ہیں جس کیلیے مصنوعی ذہانت سے آراستہ روبوٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
روبوٹس ’منارہ‘ کے دوسرے ورژن کو متعارف کرایا گیا جو گزشتہ برس سے اپ ڈیٹ ہے اس میں مزید زبانوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سکرینز کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
سعودی عرب : غیرملکیوں کو حج پر لے جانے والے ملزمان گرفتار
اس کے علاوہ عازمین حج کے لئے 50 علمی و فکری پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ضیوف الرحمان کی خدمت کیلیے 2 ہزار سے زائد سعودی کارکنوں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔