بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کے لیے پرمٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کیلیے 3 ہزار سے زائد پرمٹ جاری کردیے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے لیے جن عمارتوں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان کی تعداد 3 ہزار 161 جبکہ کمروں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 232 ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق عازمین کی رہائشی عمارتوں کیلیے معیار مقرر کردیئے گئے ہیں، جن کی جانچ کے بعد متعلقہ تفتشی ٹیم پرمٹ جاری کرنے کی منظوری دیتی ہے۔

جن عمارتوں کے لیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں 18 لاکھ 71 ہزار 336 عازمین کی رہائش کے انتظامات ہیں جو مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔

واضح رہے حج 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ مختلف ممالک سے عازمین حج کی پہلی پرواز منگل 29 اپریل کو مدینہ منورہ پہنچی۔

پہلی پرواز کی آمد کے ساتھ ہی یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وہ عازمین جو قبل از اپنے ملکوں سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچیں گے ان کی واپسی جدہ حج ٹرمنل سے ہوگی جبکہ جدہ آنے والے عازمین حج کے بعد مدینہ منورہ سے واپس جائیں گے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کے لیے یکم ذی القعدہ بمطابق 29 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے۔

حج سیزن کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل 2025 سے ہوگا، بیرون مملکت سے عازمین حج کی پہلی پرواز 29 اپریل کو مملکت میں داخل ہوگی، جس کے بعد یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا کا اعلان

وزارت سیاحت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس ’مکہ پرمٹ‘ ہے یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں