منگل, مئی 20, 2025
اشتہار

سعودی عرب: 6 لاکھ 70 ہزار عازمین حج مملکت پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں وزارت حج عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 42 فیصد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی یومیہ بنیاد پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 17 ہزار جبکہ فضائی ذریعے سے 5 لاکھ 89 ہزار 200 اور بحری ذریعے سے ایک لاکھ 4 ہزارعازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

جوازات کے مطابق عازمین کے استقبال اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہلکاروں کو مختلف زبانوں کی ٹریننگ دی گئی ہے، تاکہ عازمین کو بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں خادمِ حرمین شریفین نے ایک ہزار فلسطینی شہداء کے اہل خانہ کو ذاتی خرچ پر حج کروانے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان سعودی سفارتخانہ اسلام آباد کے مطابق خادمِ حرمین شریفین نے سال 1446 ہجری کے حج کے لیے فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے اہلِ خانہ میں سے ایک ہزار افراد کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

سعودی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا ثبوت ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد و اخوت کی روشن مثال بھی ہے۔

سعودی عرب: حج سیکیورٹی فورسز نے 17 افراد کو گرفتار کرلیا

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال مختلف ممالک کے شہداء اور متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی حج پروگرام ترتیب دیا جاتا ہے، جبکہ رواں برس فلسطینی عوام کے لیے یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب غزہ اور مغربی کنارے میں ظلم و ستم کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں